بھٹکل 19 نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل میونسپالٹی کی طرف سے عوام کے نام یہ اطلاع جاری کی گئی ہے کہ روڈ کے دونوں کناروں کی طرف عوامی جگہوں پر عمارتوں کے غیر استعمال شدہ سلیب ، ملبے یا سامان وغیرہ پڑے ہیں یاعوامی جگہوں پر تعمیراتی کاموں کے لئے کچھ سامان لاکر رکھے گئے ہیں یا عمارت کے سلیب وغیرہ گرگئے ہیں تو عمارت کے مالکان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اسے فوری وہاں سے ہٹائیں اور روڈ کی عوامی جگہ خالی کرائیں۔
میونسپالٹی کے چیف آفسر نے جاری کی گئی عوامی نوٹس میں عوام کو تین دنوں کی مہلت دی ہے کہ تین دنوں کے اندر میونسپالٹی حدود کے عوامی جگہوں اور سڑک کناروں کو خالی کرائیں ، نہ کرنے کی صورت میں اُن کے خلاف میونسپالٹی قاعدہ 1964 کے تحت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ میونسپل چیف آفسر نے نوٹس میں یہ بھی کہا ہے کہ اگر تین دنوں کے اندر تعمیراتی کاموں کے لئے استعمال کی جانے والی چیزیں یا گرے ہوئے ملبے وغیرہ عوامی جگہوں سے نہیں ہٹائی گئی تو پھر میونسپل حکام اسے اپنی تحویل میں بھی لے سکتی ہے۔
میونسپالٹی کی طرف سے یہ نوٹس 19 نومبر کو جاری کی گئی ہے ۔